ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3فیصد اضافہ

ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 18فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 3فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 18فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کا حجم 6.74ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کا حجم 6.54ملین ٹن ریکارڈکیا گیا تھا۔مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک کے شمالی شہروں اورعلاقوں میں 5.50ملین ٹن جبکہ جنوبی شہروں اورعلاقوں میں 1.25ملین ٹن کی فروخت ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں بالترتیب 3 اور6 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں 5.36ملین ٹن اورجنوبی شہروں اورعلاقوں میں 1.18ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 1.43ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جوگزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 18فیصد کم ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی اس مدت میں ملک سے 1.76ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں ۔ اگست میں سیمنٹ کی مقامی فروخت کا حجم 2.97ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے 3.32ملین ٹن کے مقابلے میں 11فیصد کم ہے۔