ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پراضافہ جبکہ برآمدات میں کمی کااندازہ ہے
ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں سالانہ بنیاد پراضافہ ، برآمدات میں کمی
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیاد پراضافہ جبکہ برآمدات میں کمی کااندازہ ہے۔آل پاکستان سیمینٹ مینوفیچررز ایسوسی ایشن اورٹاپ لائن سیکورٹیزکے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2026میں ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 41.27ملین ٹن رہنے کااندازہ ہے جومالی سال 2025کے مقابلہ میں 9فیصدزیادہ ہے،مالی سال 2025میں ملک میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 37.79ملین ٹن تھا،جون 2026میں ملک میں سیمینٹ کی مجموعی فروخت کاحجم 3.28ملین ٹن رہنے کاامکان ہے جوگزشتہ سال جون کے 2.79ملین ٹن کے مقابلہ میں 17فیصدزیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2026میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کاحجم 8.97ملین ٹن رہنے کاامکان ہے جومالی سال 2025کے 9.21ملین ٹن کے مقابلے میں 3فیصدکم ہے۔جون 2026میں سیمنٹ کی برآمدات کاحجم 0.72ملین ٹن رہنے کاامکان ہے جوگزشتہ سال جون کے 0.87ملین ٹن کے مقابلہ میں 17فیصدکم ہے.









