ملک میں سیمنٹ کی مجموعی مقامی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد اضافہ ، سیمنٹ کی برآمدات میں 9 فیصد کمی کاامکان
ملک میں سیمنٹ کی مجموعی مقامی فروخت میں پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد اضافہ ، سیمنٹ کی برآمدات میں 9 فیصد کمی کاامکان

مزید خبریں
اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):ملک میں سیمنٹ کی مجموعی مقامی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم اسی عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات میں 9 فیصد کمی کا امکان ہے۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور ٹاپ لائن ریسرچ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ملکی فروخت کا حجم 10.67 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 10.07 ملین ٹن کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے شمالی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی فروخت کا حجم 8.76 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 8.38 ملین ٹن کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔اسی طرح پہلی سہ ماہی میں ملک کے جنوبی شہروں اور علاقوں میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت کا حجم 1.91 ملین ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.69 ملین ٹن کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026ء میں سیمنٹ کی مجموعی مقامی فروخت کا حجم 3.62 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ سال ستمبر میں ریکارڈ کی گئی 3.53 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔دریں اثناء مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کی مجموعی برآمدات کا حجم 2.35 ملین ٹن رہنے کا اندازہ ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.59 ملین ٹن کے مقابلے میں 9 فیصد کم ہے۔ستمبر 2026ء میں سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 0.88 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ سال ستمبر کے 0.83 ملین ٹن کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔






