ملک میں ضروری اشیاءکی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 10.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
ملک میں ضروری اشیاءکی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49 فیصد، سالانہ بنیادوں پر 10.64 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاءکی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 10.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 17 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران صارفین کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 366.05 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.49 فیصد جبکہ گزشتہ سال 18 ستمبر کے مقابلے میں 10.64 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں 9 ضروری اشیاءکی قیمتوں میں کمی، 23 اشیاءکی قیمتوں میں استحکام جبکہ 19 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جن اشیاءکی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں کیلے کی قیمت میں 6.17 فیصد، ٹماٹر 5.62 فیصد، پیاز 4.57 فیصد، چکن 2.33 فیصد، خشک دودھ پائوڈر 0.40 فیصد، آٹا 0.28 فیصد، چاول 0.16 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.14 فیصد کمی شامل ہے۔اس کے برعکس گزشتہ ہفتے کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 7.29 فیصد، پٹرول 6.40 فیصد، ایل پی جی 3.25 فیصد، لہسن 1.94 فیصد، انڈے 1.72 فیصد، دال چنا 0.80 فیصد، روٹی 0.74 فیصد، دال مسور 0.29 فیصد، سرسوں کا تیل 0.44 فیصد، دال ماش 0.39 فیصد، مٹن 0.26 فیصد جبکہ جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.07 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
۔رپورٹ کے مطابق سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 890 روپے سے 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے اور 44 ہزار 175 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں بالترتیب 0.01 فیصد، 0.14 فیصد، 0.30 فیصد اور 0.77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں سے 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیا جاتاہے ۔







