اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 29 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 333.49 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سے پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.03 …
ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی ،سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 29 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 333.49 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سے پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.03 فیصد کم اور گذشتہ سال 30 جنوری کے مقابلہ میں 4.52 فیصد زیادہ ہے۔ ہفتہ کے دوران 9 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس 18 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گذشتہ ہفتہ کے دوران آلو کی قیمت میں 7.81 فیصد، پیاز 6.66 فیصد، نمک پائوڈر 1.36 فیصد، آٹا 1.17 فیصد، دال مسور 0.75 فیصد، انڈے 0.30 فیصد، گڑ 0.24 فیصد اور باسمتی چاول کی قیمت میں 0.08 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت میں 7.53 فیصد، چکن 3.25 فیصد، کیلا 3.07 فیصد، ایل پی جی 1.56 فیصد، دال ماش 1.49 فیصد، دال چنا 1.31 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 0.66 فیصد، دال مونگ 0.61 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.37 فیصد، اڑھائی کلو بناسپتی گھی 0.32 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0.24 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.15 فیصد کی کمی ہوئی۔
17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.12 فیصد، 0.09 فیصد، 0.07 فیصد کی کمی جبکہ آخری گروپ کیلئے 0.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔









