ملک میں موٹر سائیکلز کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ جبکہ تھری وہیلرز کی فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملک میں موٹر سائیکلز کی فروخت میں 30 فیصد اضافہ، تھری وہیلرز کی فروخت میں 49 فیصد کمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ملک میں موٹر سائیکلز کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ جبکہ تھری وہیلرز کی فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں موٹر سائیکلز کے 3 لاکھ 86 ہزار 504 یونٹس فروخت ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں 2 لاکھ 66 ہزار 962 موٹر سائیکلز فروخت ہوئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست کے دوران ملک میں موٹر سائیکلز کے 1 لاکھ 74 ہزار 790 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی، جو جولائی میں فروخت ہونے والے 1 لاکھ 68 ہزار 715 یونٹس کے مقابلے میں 4 فیصد اور گزشتہ سال اگست کے 1 لاکھ 44 ہزار 845 یونٹس کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ ہے۔دوسری جانب جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ملک میں تھری وہیلرز کے 2 ہزار 848 یونٹس فروخت ہوئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 49 فیصد کم ہیں۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں تھری وہیلرز کے 5 ہزار 649 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ملک میں تھری وہیلرز کے صرف 147 یونٹس فروخت ہوئے، جو جولائی میں فروخت ہونے والے 2 ہزار 701 یونٹس کے مقابلے میں 95 فیصد جبکہ گزشتہ سال اگست کے 3 ہزار 218 یونٹس کے مقابلے میں 96 فیصد کم ہیں۔







