ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 1.40 فیصد اضافہ ہو ا ، شماریات بیورو

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 1.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بڑھ کر 357.61 پوائنٹس ہو گیا۔

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 1.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بڑھ کر 357.61 پوائنٹس ہو گیا۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر قلیل مدتی (ہفتہ وار) مہنگائی میں 1.40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارے کے مطابق زیر جائزہ ہفتے میں مشترکہ صارفین کے گروپ کے لیے ایس پی آئی بڑھ کر 357.61 پوائنٹس ہو گیا جو گزشتہ ہفتے 352.66 پوائنٹس تھا۔ سالانہ بنیاد پر حساس قیمتوں کے اشاریے میں 13.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق 2015-16 کو بنیادی سال مان کر تیار کیا جانے والا یہ اشاریہ ملک کے 17 شہری مراکز اور 51 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا احاطہ کرتا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 17,732 روپے تک ماہانہ آمدن رکھنے والے صارفین کے گروپ کے لیے مہنگائی میں 1.11 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 17733 سے 22888 روپے، 22889 سے 29517 روپے، 29518 سے 44175 روپے اور 44175 روپے سے زائد آمدن والے گروپوں کے لیے مہنگائی کی شرح بالترتیب 1.18 فیصد، 1.17 فیصد، 1.28 فیصد اور 1.58 فیصد بڑھی۔

زیر جائزہ ہفتے کے دوران 51 اشیائے ضروریہ میں سے 27 اشیا مہنگی ہوئیں، 4 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ہفتہ وار بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 22.79 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ مرغی 14.66 فیصد، ایل پی جی 12.46 فیصد، ڈیزل 4.41 فیصد، پٹرول 4.40 فیصد، لہسن 3.72 فیصد، انڈے 2.15 فیصد، لیپٹن چائے 1.56 فیصد، پیاز 1.53 فیصد، آلو 0.85 فیصد، تیار چائے 0.42 فیصد اور جلانے کی لکڑی 0.18 فیصد مہنگی ہوئی۔دوسری جانب کیلے کی قیمت میں 0.80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مونگ کی دال 0.70 فیصد، چینی 0.36 فیصد اور مسور کی دال 0.10 فیصد سستی ہوئی۔سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 36.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ چنے کی دال 21.71 فیصد، چینی 21.10 فیصد، مرغی 16.71 فیصد، پاؤڈر نمک 14.09 فیصد، مسور کی دال 13.19 فیصد، انڈے 12.42 فیصد اور مونگ کی دال 8.08 فیصد سستی ہوئیں۔دوسری طرف سالانہ بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 210.18 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔