ملک کو بدنام کرنے، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر اور معیشت کو نقصان پہنچانے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی
ملک کو بدنام کرنے، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر اور معیشت کو نقصان پہنچانے والے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے واضح کیا ہے کہ ملک کو بدنام کرنے، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر اور معیشت کو نقصان پہنچانے والے نیٹ ورکس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غیر قانونی کال سینٹرز کو کسی صورت کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، غیر قانونی کال سینٹرز، رومانٹک سکیمنگ، آن لائن دھوکہ دہی، بیٹنگ (سٹے بازی) اور وہ تمام غیر قانونی سرگرمیاں جن سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچے، ان کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم تکنیکی نوعیت کا ہو سکتا ہے مگر انصاف کا تقاضا بالکل واضح اور دو ٹوک ہے۔
سید علی ناصر رضوی نے خبردار کیا کہ پاکستان کو بدنام کرنے اور عوامی یا قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے کسی بھی غیر قانونی سیٹ اپ کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔







