ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور دن کے دوران میدانی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ دن کے دوران میدانی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ دن کے دوران میدانی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ شام/رات میں بالائی /زیریں خیبرپختونخوا،کشمیر ،خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملک کے بیشتر علاقوں پر ہوائیں موجود ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل رات ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ تاہم بابوسر میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جمعرات کوریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، سبی، مٹھی، دادو اور سکھر میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔