ملک کے منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم چوتھے روز بھی جاری ہے، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے پہلے تین روز میں تقریباً 2 کروڑ 41 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
ملک کے منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم چوتھے روز بھی جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):ملک کے منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم چوتھے روز بھی جاری ہے، جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے پہلے تین روز میں تقریباً 2 کروڑ 41 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔نیشنل ای او سی کے مطابق ملک کے منتخب اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم میں 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔صوبائی اور علاقائی سطح پر ویکسینیشن کی تفصیلات کے مطابق پنجاب کے منتخب اضلاع میں تقریباً 67 لاکھ 86 ہزار، سندھ کے 30 منتخب اضلاع میں 85 لاکھ 98 ہزار، خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں تقریباً 63 لاکھ 55 ہزار، جبکہ بلوچستان کے 32 منتخب اضلاع میں 18 لاکھ 41 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 8 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان کے 2 منتخب اضلاع میں تقریباً 1 لاکھ 25 ہزار بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی جا چکی ہے۔
نیشنل ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔ پولیو ورکرز امید کا پیغام لیے گھر گھر پہنچ رہے ہیں، لہٰذا والدین اور عوام پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔پولیو ٹیم سے رابطے یا مہم سے متعلق معلومات کے لیے 1166 پر کال یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔







