منگلا پاور اسٹیشن کو جدید خطوط پر بحالی کے منصوبے کے تحت بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
منگلا پاور سٹیشن کی بحالی، پیداواری صلاحیت 1310 میگاواٹ تک بڑھانے کا منصوبہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):منگلا پاور اسٹیشن کو جدید خطوط پر بحالی کے منصوبے کے تحت بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، منصوبے پر 52 ارب 22 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد لاگت آئے گی جبکہ جدید کاری سے 310 میگاواٹ اضافی پن بجلی حاصل ہوگی۔پلاننگ کمیشن کے مطابق سرکاری شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں میں اس منصوبے کے خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔منگلا پاور اسٹیشن کی جدید خطوط پر بحالی کے منصوبے کے تحت اس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے موجودہ ہائیڈرو پاور انفراسٹرکچر کو جدید بنا کر 310 میگاواٹ اضافی بجلی حاصل ہوگی۔منصوبے کی مجموعی لاگت 52 ارب 224 کروڑ 30 لاکھ 70 ہزار روپے ہے، جس کے تحت منگلا پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کو اپ گریڈ اور جدید بنایا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی زیادہ قابلِ اعتماد اور ماحول دوست پیداوار ممکن ہونے کے ساتھ ساتھ پاور اسٹیشن کے پیداواری یونٹس کی عملی عمر میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس اقدام سے مہنگی تھرمل بجلی پر انحصار کم کرنے اور ملک کی توانائی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرنے میں مدد ملے گی۔منگلا پاور اسٹیشن کئی دہائیوں سے پاکستان کے توانائی نظام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کی جدید کاری کے ذریعے پہلے سے موجود قومی توانائی کے اثاثے سے مزید بہتر انداز میں استفادہ کیا جا سکے گا۔منصوبہ اڑان پاکستان کے ’’سستی اور مؤثر توانائی‘‘ کے ستون سے ہم آہنگ ہے اور توانائی کے تحفظ، صاف بجلی کی پیداوار اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔








