موسمیاتی تبدیلیوں کی وجوہات اور اثرات پر قابو پانے کی جانب توجہ نہ دی گئی تو ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چوتھی سالانہ آسٹرین ورلڈ سمٹ کی مناسبت سے ویڈیو پیغام

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجوہات اور اثرات پر قابو پانے کی جانب توجہ نہ دی گئی تو ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہوں گے، یہی وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرے۔ جمعرات کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چوتھی سالانہ آسٹرین ورلڈ سمٹ کی …

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجوہات اور اثرات پر قابو پانے کی جانب توجہ نہ دی گئی تو ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہوں گے، یہی وقت ہے کہ دنیا آگے آئے اور مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرے۔ جمعرات کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چوتھی سالانہ آسٹرین ورلڈ سمٹ کی مناسبت سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج سے 20 سال قبل موسمیاتی تبدیلی کے معاملہ کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا تھا لیکن آج دنیا اسے ایک حقیقت سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ، گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں تیزی، جنگلات میں آتشزدگی اور سمندری طوفان معمول کے واقعات بنتے جا رہے ہیں۔ ان حالات میں اگر عالمی برادری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلہ پر توجہ نہ دی تو ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہم نے اس حوالہ سے بھرپور اقدامات کئے ہیں، سات سال قبل جب خیبرپختونخوا میں ہماری جماعت کی حکومت قائم ہوئی تو ہم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا ادراک کرتے ہوئے بلین ٹری سونامی کے نام سے شجرکاری کا ایک بڑا منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت صوبہ میں ایک ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جو حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد ہم نے پورے ملک کیلئے 10 بلین ٹری سونامی کے نام سے وسیع شجرکاری کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں 10 ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ دنیا آگے بڑھے اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو بروئے کار لایا جائے۔

مزید خبریں