موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کی قومی ترجیحات میں مرکزی حیثیت کو یقینی بنانا ہوگا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قومی یوم استقامت کے موقع پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قدرتی آفات پر عوام کے اجتماعی اور ہمدردانہ ردعمل کو قابل فخر قومی کردار کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کی قومی ترجیحات میں مرکزی حیثیت کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج (جمعرات کو) 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کی مناسبت سے منائے جانے والے قومی یوم استقامت کے موقع …

اسلام آباد8اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قدرتی آفات پر عوام کے اجتماعی اور ہمدردانہ ردعمل کو قابل فخر قومی کردار کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کی قومی ترجیحات میں مرکزی حیثیت کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج (جمعرات کو) 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کی مناسبت سے منائے جانے والے قومی یوم استقامت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم عزم و استقلال کے ساتھ 21 واں قومی یوم استقامت مناتے ہوئے 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم آج بھی اس غیر معمولی تباہی کے نتیجے میں جانوں سے محروم ہونے والے اپنے پیاروں کو سوگوار دلوں کے ساتھ یاد کرتی ہے، قوم اس المناک گھڑی میں قوم کی جانب سے بہادری، ہمدردی اور ایثار پر مبنی اجتماعی ردعمل کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، حالانکہ عالمی سطح پر گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت کم ہے۔ سیلاب، زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، جنگلات میں آتشزدگی، وبائوں اور سموگ جیسی قدرتی آفات ہمارے عزم و حوصلے کے لیے باعث امتحان ہیں اور محدود معاشی وسائل پر بھاری بوجھ بھی ڈالتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کی استقامت، عزم اور ثابت قدمی کی داستان ہے کہ بارہا آزمائشوں سے دوچار ہونے کے باوجود ہر بار قوم ثابت قدم رہی اور گزشتہ تجربات سے سیکھتے ہوئے آئندہ قدرتی آفات سے بہتر انداز میں نمٹنے کی پیشگی تیاری کو مزید موثر بنانے کے عزم کا مظاہرہ کیا، اس تناظر میں صوبائی حکومتوں، تمام متعلقہ سرکاری اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے ساتھ مربوط تعاون کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران پاکستان کے باہمت اور ثابت قدم عوام کا اجتماعی اور ہمدردانہ ردعمل ہمارے قابل فخر قومی کردار کا حصہ ہے، اسی طرح قومی سطح پر آفات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ تمام اداروں بشمول مسلح افواج، امدادی و ریسکیو خدمات اور ملکی و عالمی انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی انتھک کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے ادارہ جاتی ردعمل میں جدید ٹیکنالوجیز کو مربوط کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جن میں قابل اعتماد ڈیٹا پر مبنی تجزیاتی نظام کی مدد سے زیادہ موثر پیشگی انتباہی نظام کی تشکیل بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دور میں استقامت محض ایک انتخاب نہیں بلکہ ناگزیر تقاضا بن چکی ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث آفات کی شدت اور تواتر میں اضافے کے پیش نظر ہمیں اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو اپنی ترقیاتی ترجیحات میں مرکزی حیثیت حاصل ہو، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ترقی کو عوامی بنیادی ڈھانچے، پانی اور غذائی تحفظ، شہری منصوبہ بندی، زراعت، روزگار و ذرائع معاش اور ترقیاتی سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں موثر طور پر شامل کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس ضمن میں کمزور طبقات اور زیادہ خطرات سے دوچار علاقوں میں مقیم آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہماری ترجیح واضح ہے کہ خطرات کے آفت میں تبدیل ہونے سے پہلے ان کی نشاندہی اور پیش بندی کی جائے، نقصانات کو کم سے کم کیا جائے، انسانی جانوں اور ذرائع معاش کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور بحالی و تعمیر نو کے عمل کو زیادہ فعال، موثر اور پائیدار بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی معلومات، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، جغرافیائی اعداد و شمار اور سائنسی بنیادوں پر خطرات کے تخمینے کو مربوط کرنے سے ابھرتے ہوئے خطرات کی پیشگی نشاندہی، بروقت فیصلہ سازی، فوری اقدامات اور انسانی جانوں، ذرائع معاش اور اہم بنیادی ڈھانچے پر آفات کے اثرات میں کمی لانے کی ہماری صلاحیت مزید مستحکم ہو رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی یوم استقامت 2026ء کے موقع پر حکومت اس قومی عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم خطرات سے دوچار ہونے پر ردعمل سے مربوط پیشگی تیاری اور بحالی کے بعد ہم آہنگ پائیدار ترقی کی جانب بڑھیں گے تاکہ ایک محفوظ، مضبوط اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی بہتر صلاحیت رکھنے والے پاکستان کو یقینی بنایا جا سکے، اللہ تعالیٰ ہمارے مخلصانہ قومی عزم اور نیک نیت کو کامیابی عطا فرمائے۔پاکستان پائندہ باد

 

مزید خبریں