موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک وہیکلز میں تبدیل کر کے سالانہ 3 ارب ڈالر کی بچت ممکن ہے، شاہد عمران

موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک وہیکلز میں تبدیل کر کے سالانہ 3 ارب ڈالر کی بچت ممکن ہے، شاہد عمران

لاہور۔5اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تمام دو پہیہ گاڑیوں کو الیکٹرک وہیکلزمیں تبدیل کر کے پاکستان سالانہ6 ارب لیٹر پیٹرول کی بچت کر سکتا ہے، جس کی مالیت تقریبا3 ارب ڈالر بنتی ہے۔ اتوار کو یہاں شیخوپورہ سے تاجروں کے ایک وفد جس کی قیادت چوہدری محمد افضل گجر کر رہے تھے، سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ12 ارب لیٹر پیٹرول استعمال ہوتا ہے، جس میں سے 50 فیصد صرف موٹر سائیکلیں استعمال کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات ملکی درآمدی بل کا تقریبا 20 فیصد حصہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی طرف بروقت منتقلی نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت کا باعث بنے گی بلکہ معیشت کے استحکام، توانائی کی بچت اور ماحولیاتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موٹر سائیکل سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سواری ہے، خاص طور پر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے، اس لیے اس شعبے میں تبدیلی کے بڑے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے سبسڈی، ٹیکس میں رعایت اور چارجنگ اسٹیشنز جیسے انفراسٹرکچر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید برآں، مقامی سطح پر الیکٹرک بائیکس کی تیاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ کو بھی ترجیح دی جائے تاکہ یہ عام شہری کی پہنچ میں آ سکیں۔ مزید یہ کہ حکومت نئی پیٹرول اور سی این جی موٹر سائیکلوں کی تیاری پر مکمل پابندی عائد کرے، جیسا کہ ہمسایہ ملک نے قانون سازی کے ذریعے اگست سے اس پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے، جہاں اس کام کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔