لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کی ترجمان ڈاکٹر فرحین نے مویشی پال حضرات کو دودھ دینے والے جانوروں کی صحت اور دودھ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے
مویشی پال حضرات دودھ دوہنے سےقبل ، دوران اور بعد میں صحت وصفائی کے ضروری اقدامات یقینی بنائیں، ڈاکٹر فرحین

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 14 ستمبر (اے پی پی):لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کی ترجمان ڈاکٹر فرحین نے مویشی پال حضرات کو دودھ دینے والے جانوروں کی صحت اور دودھ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دودھ دوہنے سے قبل جگہ، ہاتھ اور برتن صاف رکھیں، برتنوں کو صاف پانی سے دھو کر اچھی طرح خشک کریں اور ہر جانور کے لیے الگ صاف تولیہ استعمال کریں۔ جانور کے تھنوں اور حیوانہ کا معائنہ کیا جائے، سوجن، گرمی، درد یا غیر معمولی دودھ کی صورت میں خصوصی توجہ دی جائے۔ دودھ کی ابتدائی دھاریں الگ برتن میں نکال کر جانچ کی جائے جبکہ صحت مند جانوروں کو پہلے اور بیمار یا مشتبہ جانوروں کو آخر میں دوہا جائے۔انہوں نے کہا کہ دودھ دوہتے وقت ہاتھ صاف اور خشک رکھیں، تھنوں کو زور سے کھینچنے سے گریز کریں، جانور کو باقاعدگی اور مناسب طریقے سے دوہیں اور ضرورت سے زیادہ دودھ نہ نکالیں۔ مشینی دوہن کی صورت میں مشین اور اس کے تمام حصوں کی صفائی اور درستگی یقینی بنائی جائے۔ دودھ دوہنے کے بعد جانور کے تھنوں کو منظور شدہ جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے، جانور کو تقریباً 30 منٹ تک کھڑا رکھا جائے اور اس دوران چارہ اور پانی فراہم کیا جائے۔ دودھ دوہنے کے برتنوں اور آلات کو ہر استعمال کے بعد اچھی طرح دھو کر جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ میں غیر معمولی رنگ، بو یا ذائقہ محسوس ہونے کی صورت میں فوری توجہ دی جائے اور جانور کی صحت کے حوالے سے ماہرِ حیوانات سے رجوع کیا جائے۔







