مکمل سہولیات اور مناسب قیمت پر صنعتی علاقے بنائے بغیر صنعتوں کی منتقلی ممکن نہیں،فہیم الرحمن سہگل

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ لاہور کے گردونواح میں فوری طور پر نئے صنعتی زون قائم کیے جائیں کیونکہ مکمل سہولیات اور مناسب قیمت پر صنعتی علاقے بنائے بغیر صنعتوں کی منتقلی

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن پر زور دیا ہے کہ لاہور کے گردونواح میں فوری طور پر نئے صنعتی زون قائم کیے جائیں کیونکہ مکمل سہولیات اور مناسب قیمت پر صنعتی علاقے بنائے بغیر صنعتوں کی منتقلی ممکن نہیں۔ان خیالات کا اظہار صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مبین الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، پی ایس آئی سی کے ڈائریکٹر اسٹیٹس سبیح رضا، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سید سلمان، عامر علی، افتخار احمد، محسن بشیر، ندیم انصاری، سید حسن رضا، شعبان اختر اور عرفان قریشی بھی موجود تھے۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس آئی سی مبین الہی نے وفد کو کوٹ پنڈی داس لاہور میں نئے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ تقریبا 130 ایکڑ پر مشتمل ہوگا، جس میں 364 صنعتی پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کار پلاٹ کی قیمت کا 40 فیصد بطور ڈائون پیمنٹ ادا کریں گے جبکہ باقی 60 فیصد رقم دو سال کے دوران سہ ماہی اقساط میں ادا کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی کنال قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جس میں ترقیاتی اخراجات بھی شامل ہیں جبکہ صنعتکاروں کو آسان شرائط پر مالی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے صنعتوں کو سیل کرنے، نوٹس جاری کرنے اور کارروائیوں سے کاروباری برادری شدید بے یقینی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ سگیاں، دروغہ والا اور ملتان روڈ سمیت مختلف علاقوں میں قائم صنعتیں کئی دہائیوں سے کام کر رہی ہیں،ان صنعتوں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی، ہزاروں افراد کو روزگار دیا، ٹیکس ادا کیے اور ملکی برآمدات و معیشت میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مناسب اور کم لاگت صنعتی زون موجود نہ ہونے کی وجہ سے صنعتکاروں نے انہی علاقوں میں اپنی صنعتیں قائم کیں، اس لیے متبادل انتظام کیے بغیر انہیں مشکلات میں ڈالنا مناسب نہیں ہے۔