وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ مہاجرین کے تحفظ، انسانی امداد اور جبری نقل مکانی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون ناگزیر ہے
مہاجرین کا تحفظ اور جبری نقل مکانی کا خاتمہ عالمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں، بیرسٹر عقیل ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ مہاجرین کے تحفظ، انسانی امداد اور جبری نقل مکانی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بیرسٹر عقیل ملک نے استنبول میں منعقدہ انٹرنیشنل جسٹس سمٹ 2026 میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف ممالک کے وزرائے قانون و انصاف اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔وزیر مملکت نے آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف سے دوطرفہ ملاقات کی جس میں انصاف کے شعبے، قانونی اصلاحات، عدالتی تعاون اور ادارہ جاتی استعدادِ کار بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
بیرسٹر عقیل ملک نے یوگنڈا کے وزیر انصاف و آئینی امور نوربرٹ ماؤ، جمہوریہ کانگو کے وزیر مملکت برائے انصاف گیوم نیگفا اٹونڈوکو اندالی، ترکیہ کے نائب وزیر انصاف بوراک جیہان اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے نائب وزیر انصاف ایلویئر محمودزیچ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں بین الاقوامی قانونی تعاون، عدالتی روابط اور ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت نے انٹرنیشنل جسٹس سمٹ میں ’’ہجرت، ذمہ داریوں کی تقسیم اور انسانی وقار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ پینل مباحثے میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مہاجرین کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی اور جبری نقل مکانی کے بنیادی اسباب سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیرسٹر عقیل ملک نے سمٹ کے موقع پر مختلف ممالک کے قانونی ماہرین، قانون کے اساتذہ اور بین الاقوامی قانونی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد سے بھی تبادلہ خیال کیا جس میں قانونی تعاون اور عدالتی اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔







