مہاراجہ رنجیت سنگھ کی187ویں برسی کی مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام پیر کومہاراجہ رنجیت سنگھ کی187ویں برسی کی مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوئی

لاہور۔29جون (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام پیر کومہاراجہ رنجیت سنگھ کی187ویں برسی کی مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ ، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق ،سیکرٹری جنرل پربندھک کمیٹی ستونت کور،ممبران کمیٹی سردار تارا سنگھ،سردار پروفیسر ممپال سنگھ اور دیگر نے شرکت کی۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق اس موقع پر سکھ یاتریوں نے مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر بھوگ اگھنڈ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی اور خدمت کی ،اسی طرح ضلعی انتظامیہ اور ممبران پربندھک کمیٹی نے بھی یاتریوں کی بھرپور خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ سکھ قوم پاکستان کے سر کا تاج ہے،بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگتیں محبت اور امن کا پیغام لے کر جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکھ قوم گورو دوارہ دربار صاحب کرتارپور کوریڈور کو فوری طور پر کھلوانے کے لیے کردار ادا کرے۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے کہا کہ چیئرمین بورڈ قمر الزمان کی ہدایات پرسکھ یاتریوں کے لیے میڈیکل ، ایمبولینس سروس اور فوری طبی امداد کی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں ۔ اس دوران متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ نے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی باہمی احترام، مذہبی رواداری اور مشترکہ ورثے کی علامت ہے، پوری دنیا میں بسنے والے سکھ جب مرضی پاکستان آ ئیں ہم مہمان نوازی کے لیے تیار رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں گورو دوارہ بھائی جوگا سنگھ اور گورو دوارہ بھائی بیبا سنگھ کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے پاکستان میں بہترین مہمان نوازی اور انتظامات کو سراہا۔ جتھہ لیڈر خوشو یندر سنگھ ، پرویندر سنگھ اور ہرچندر کور نے کہا کہ پاکستان میں موجود گوردوارے پہلے سے زیادہ خوبصورت اور بہترین حالت میں ہیں۔رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات بہترین انداز میں فراہم کی گئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے انتظامات مثالی اور قابلِ تحسین ہیں۔واضح رہے کہ سکھ یاتری 10 روزہ دور ہ مکمل ہونے پر کل 30جون کو بھارت واپس روانہ ہوں گے ۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق یاتریوں کو الوداع کریں گے ۔