میرپورخاص میں آموں کی نمائش کا افتتاح، 200 سے زائد اقسام کے آم موجود

میرپورخاص ۔ 31 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ مینگو فیسٹیول ہال میں 56ویں آموں کی نمائش کا افتتاح کر دیا ۔ ان کے ہمراہ پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، چیئرمین ضلع کونسل میرپورخاص میر انور تالپر ،مئیر عبدالرؤف غوری ، سیکرٹری زراعت رفیق احمد برڑو ، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل …

میرپورخاص ۔ 31 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ مینگو فیسٹیول ہال میں 56ویں آموں کی نمائش کا افتتاح کر دیا ۔ ان کے ہمراہ پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، چیئرمین ضلع کونسل میرپورخاص میر انور تالپر ،مئیر عبدالرؤف غوری ، سیکرٹری زراعت رفیق احمد برڑو ، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص ڈویژن فیصل احمد عقیلی ، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان ، چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی رئیس عارف خان بھرگڑی و دیگر اراکین ، ڈائریکٹر جنرل ثقافت منور علی مہیسر ، وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری اور پارٹی عہدیداران اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ میرپورخاص کا سندھڑی آم پوری دنیا میں مشہور ہے ، اسی وجہ سے ہی میرپورخاص میں ہر سال آموں کی نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت ملکی ریڑھ کی ہڈی ہے ، اس لیے سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ زراعت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے ۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت سندھ نے آبادگاروں اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی منصوبے شروع کئے ہیں ، محکمہ زراعت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ زرعی اجناس کی ایکسپورٹ عالمی معیار کے مطابق بنائی جائے تاکہ زر مبادلہ میں اضافہ کیا جا سکے ۔ 56 ویں آموں کی نمائش میں 200 سے زائد آموں کی اقسام اور مختلف اضلاع کے 50 آبادگاروں نے اپنے اسٹال لگائے جبکہ محکمہ ثقافت کی جانب سے 25 مختلف دستکاری ہنر کے اسٹال بھی لگائے گئے ۔