میٹرک (سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ) کے سالانہ امتحانات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے،فیڈرل بورڈ

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) نے واضح کیا ہے کہ میٹرک (سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ) کے سالانہ امتحانات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) نے واضح کیا ہے کہ میٹرک (سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ) کے سالانہ امتحانات طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔بدھ کو تعلیمی بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ 9 اور 10 اپریل کو ہونے والے تمام پرچے بغیر کسی تبدیلی کے مقررہ تاریخوں پر لیے جائیں گے۔ اسلام آباد کے تمام امتحانی مراکز میں امتحانات معمول کے مطابق جاری رہیں گے اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پر بروقت پہنچیں۔

ترجمان فیڈرل بورڈ نے مزید بتایا کہ امتحانی شیڈول میں کسی قسم کی رد و بدل نہیں کی گئی اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ امتحانی عمل شفاف اور منظم انداز میں جاری رکھا جا سکے۔ مزید برآں، طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ایڈمٹ کارڈز ہمراہ لائیں اور امتحانی قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔