"میڈ اِن پاکستان” مہم سے معیشت مضبوط اور درآمدات پر انحصار کم ہو گا، شاہد عمران

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ "میڈ اِن پاکستان” مہم مقامی مصنوعات کے فروغ، درآمدی برانڈز پر انحصار میں کمی اور قومی معیشت کے استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے

لاہور۔5جولائی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ "میڈ اِن پاکستان” مہم مقامی مصنوعات کے فروغ، درآمدی برانڈز پر انحصار میں کمی اور قومی معیشت کے استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ اتوار کو انہوں نے صنعت کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی مصنوعات کی خریداری سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں، صنعتی ترقی کو فروغ ملتا ہے اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط مقامی صنعت درآمدی بل میں کمی، قیمتی زرمبادلہ کے تحفظ اور تجارتی توازن بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، جراحی آلات، چمڑے کی مصنوعات، انجینئرنگ مصنوعات، پراسیسڈ فوڈ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں عالمی منڈی میں کامیاب مقابلے کی صلاحیت رکھتا ہے، اگر انہیں مناسب سرپرستی فراہم کی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقامی برانڈز کی حوصلہ افزائی سے صنعتی ترقی، برآمدات اور روزگار میں اضافہ ہوگا اور ملک ایک مضبوط، خود کفیل اور خوشحال معیشت کی جانب تیزی سے آگے بڑھے گا۔