نئی پالیسی سے پاکستان کی حلال گوشت برآمدات میں اضافہ ہوگا، شاہد عمران

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ نئی پالیسی سے پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدات میں عالمی منڈیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اتوار کو یہاں برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان حلال گوشت کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں وافر …

لاہور۔25جنوری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ نئی پالیسی سے پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدات میں عالمی منڈیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

اتوار کو یہاں برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان حلال گوشت کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، ملک میں وافر مویشی، تربیت یافتہ افرادی قوت اور قدرتی طور پر حلال معیارات کی مکمل مطابقت موجود ہے۔

شاہد عمران نے کہا کہ نئی پالیسی سے وہ خامیاں دور ہوں گی، جس میں سرٹیفیکیشن کے عمل کو آسان بنانا، ٹریس ایبلٹی سسٹم کو بہتر کرنا، ویلیو ایڈیشن کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سنیٹری و فائیٹو سنیٹری معیارات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کرنے، جدید مذبح خانوں کے قیام اور کولڈ چین لاجسٹکس کی معاونت سے مصنوعات کے معیار اور شیلف لائف میں بہتری آئے گی، جس سے پاکستانی حلال گوشت مشرق وسطی، جنوب مشرقی ایشیا، یورپ اور افریقہ کی بڑی منڈیوں میں موثر انداز میں مقابلہ کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی سے لائیو اسٹاک ویلیو چین کے تمام شعبوں میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے کسانوں، پروسیسرز اور برآمد کنندگان یکساں طور پر مستفید ہوں گے۔

شاہد عمران نے کہا کہ اگر اس پالیسی پر موثر عملدرآمد، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان قریبی تعاون اور سخت نگرانی کو یقینی بنایا گیا تو پاکستان عالمی سطح پر حلال گوشت کا ایک بڑا مرکز بن سکتا ہے، جس سے نہ صرف ملکی تجارتی پروفائل مضبوط ہوگی بلکہ پائیدار معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا ہوگا۔