وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نےبجلی کی خرید و فروخت کے موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلی لانے کے اپنے دیرینہ عزم کو عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے صارفین ایک شفاف طریقہ کار کے ذریعے براہ راست بجلی کی خرید و فروخت کر سکیں گے
نئے نظام کے تحت بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے آپس میں براہ راست خرید و فروخت کر سکیں گے،وفاقی وزیر برائے توانائی

مزید خبریں
اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نےبجلی کی خرید و فروخت کے موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلی لانے کے اپنے دیرینہ عزم کو عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے صارفین ایک شفاف طریقہ کار کے ذریعے براہ راست بجلی کی خرید و فروخت کر سکیں گے ۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں بجلی حکومت خریدتی ہے اور اپنے ترسیلی نظام کے ذریعے صارفین تک پہنچاتی ہے، تاہم بجلی کی قیمت، آئی پی پیز اور واپڈا سمیت مختلف معاملات پر گزشتہ 25، 30 سال سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی حکومت نے گزشتہ 25، 30 سال سے زیرغور اس ارادے کو عملی شکل دینے کا آغاز کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت حکومت کے لیے بجلی کی خریداری لازم نہیں ہوگی اور بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے آپس میں براہ راست خرید و فروخت کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کا پہلا مرحلہ صنعتی اور بڑے بجلی صارفین کے لیے شروع کیا جا رہا ہے، جس میں ایک میگاواٹ یا اس سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین مستفید ہوں گے۔ شفاف میکنزم کے تحت صارفین اپنی ضرورت کے مطابق سستی بجلی خرید سکیں گے۔ اویس لغاری نے کہا کہ یہ نظام بتدریج وسعت اختیار کرے گا اور آئندہ چند سالوں میں عام صارفین، جن میں 200 اور 400 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی شامل ہیں، تک اس کے فوائد پہنچیں گے۔ اس کے نتیجے میں بجلی کی ایک منڈی وجود میں آئے گی جہاں صارفین اپنی مرضی سے سستی ترین بجلی خرید سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سستی بجلی سے صنعت کو بھی فائدہ ہوگا اور صنعتی شعبہ عالمی منڈی میں اپنی مصنوعات کو زیادہ مسابقتی نرخوں پر پیش کر سکے گا۔ بجلی کے اخراجات میں کمی سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں بھی مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران حکومت نے اس مقصد کے لیے جو کوششیں کیں، آج انہیں عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔








