نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اورفرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل بارونےعلاقائی چیلنجز سے نمٹنے، امن کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فرانسیسی وزیر خارجہ کی استنبول میں ملاقات، علاقائی امن اور عالمی تعاون کے لیے سفارت کاری پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اورفرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل بارونےعلاقائی چیلنجز سے نمٹنے، امن کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
جمعہ کو ترجمان وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استنبول میں فرانس کے وزیر برائے یورپ و خارجہ امور ژاں نوئل بارو سے ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل روابط اور باقاعدہ مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں جاری بحرانوں کے وسیع تر معاشی اور سماجی اثرات، بالخصوص توانائی کی لاگت پر پڑنے والے اثرات شامل تھے۔
دونوں جانب سے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے، امن کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے پاکستان کے کردار اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل روابط کے فروغ اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی ذاتی کاوشوں کو سراہا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فرانس کی جانب سے برطانیہ، جرمنی اور اٹلی کے ساتھ مل کر آر فور (R4) ممالک کے ساتھ علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال اور امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کو سراہا۔







