نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت سول ایوی ایشن کے شعبے میں پیشرفت اور اہم ترجیحات بارے جائزہ اجلاس

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی ترقی، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں جدید سول ایوی ایشن کے شعبے کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور عالمی حفاظتی و آپریشنل معیارات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی ترقی، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں جدید سول ایوی ایشن کے شعبے کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور عالمی حفاظتی و آپریشنل معیارات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ترجمان دفترخارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت سول ایوی ایشن کے شعبے میں پیشرفت اور اہم ترجیحات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا جس میں آپریشنل فریم ورک، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور فضائی رابطوں کو فروغ دینے کے اقدامات بالخصوص موجودہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی و اپ گریڈیشن اور بین الاقوامی پروازوں کے روٹس میں توسیع کا جائزہ لیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقتصادی ترقی، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں جدید سول ایوی ایشن کے شعبے کی سٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور عالمی حفاظتی و آپریشنل معیارات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ بین الاقوامی مہمانوں، مسافروں اور فضائی کمپنیوں کو مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹریز خارجہ امور و دفاع اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔