نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، ایس سی اوسربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، ایس سی اوسربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایس سی او سربراہ اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس اہم کثیرالجہتی فورم کے میزبان کی حیثیت سے اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد میں آئندہ سال ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق تمام تیاریوں کی بروقت تکمیل اور قریبی رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیاب میزبانی اور اس اہم کثیرالجہتی فورم کے میزبان کی حیثیت سے اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری دفاع، قائم مقام سیکرٹری خارجہ، چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔








