نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہولی سی کے عہدیدار پال رچرڈ گالاگرکی ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کا اعادہ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہولی سی کے عہدیدار پال رچرڈ گالاگرکی ملاقات، پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے رومن کیتھولک چرچ اور ویٹیکن سٹی کی مرکزی انتظامیہ ہولی سی کے سیکرٹری تعلقات برائے ریاستیں و بین الاقوامی تنظیمات آرچ بشپ پال رچرڈ گالاگر نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور ہولی سی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مذاہب کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے آرچ بشپ کا خیرمقدم کیا اور امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کے فروغ میں ہولی سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی کیتھولک برادری کی بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قابلِ قدر خدمات کو بھی سراہا۔ آرچ بشپ گالاگر نے ثالثی، مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے امن اور فلسطین کے تنازع کے منصفانہ حل کے لیے اصولی مطالبات کو سراہا اور فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے مسلسل بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے پاکستان اور ہولی سی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مذاہب کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔آرچ بشپ پاکستان اور ہولی سی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔







