نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کافلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کافلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
نیویارک ۔21ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس اور تمام متعلقہ فورمز پر اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ پیر کووزارت خارجہ کے ترجمان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں اقوام متحدہ کے لیے فلسطین کے مستقل مبصر سفیر ریاض منصور سے ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جس میں فلسطینی عوام کا حقِ خود ارادیت اور ایک آزاد، متصل اور خودمختار فلسطینی ریاست کا ناقابل تنسیخ حق بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس اور تمام متعلقہ فورمز پر اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اٹھاتا رہے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی دوطرفہ ملاقاتوں میں بھی یہ معاملہ اجاگر کیا جائے گا، جبکہ غزہ میں جاری انسانی مشکلات کے فوری خاتمے اور منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔







