پاکستان ای سی او ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہے تاکہ علاقائی اقتصادی تعاون، رابطہ کاری و انضمام کو مضبوط بنایا جا سکے،محمد اسحاق ڈار
پاکستان ای سی او ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہے تاکہ علاقائی اقتصادی تعاون، رابطہ کاری و انضمام کو مضبوط بنایا جا سکے،محمد اسحاق ڈار

مزید خبریں
نیویارک۔26ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ای سی او رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہے تاکہ تنظیم کے مشترکہ ویژن کو ٹھوس نتائج میں تبدیل اور علاقائی اقتصادی تعاون، رابطہ کاری و انضمام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ہفتے کو ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزراء کونسل (سی او ایم) کی 27ویں غیر رسمی نشست کی صدارت کی ۔پاکستان اس وقت ای سی او وزرا کونسل کی صدارت27-2026 کے لیے کر رہا ہے جس کا موضوع ’’ایک مستحکم ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیا‘‘ ہے۔
نائب وزیر اعظم نے ای سی او ممبر ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا اور تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔اپنے خطاب میں نائب وزیر اعظم نے خطے اور مشرق وسطیٰ میں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے زور دیا کہ ای سی او ممالک کو اپنے اجتماعی امکانات کو بروئے کار لاتے ہوئے امن، لچک اور علاقے کے تقریباً آدھے ارب لوگوں کی مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینا چاہیے ۔
نائب وزیر اعظم نے ای سی او کی صدارت کے لیے پاکستان کی ترجیحات بیان کیں جن میں خطے کے اندر تجارت اور اقتصادی انضمام کو گہرا کرنا،وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب سے جوڑنے والے رابطہ اور ٹرانزٹ کوریڈورز کو مضبوط بنانا، ڈیجیٹل طور پر فعال ای سی او،فری ٹریڈ ایریا کو آگے بڑھانا اور موسمیاتی لچک پر علاقائی تعاون میں توسیع شامل ہیں۔اس نشست میں ای سی او ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ اور سینئر نمائندوں نے شرکت کی جن میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بیراموف، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، کرغز جمہوریہ کے وزیر خارجہ جینبیک کولو بائیف، تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین محی الدین، ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ بیرس اکینجی، اقوام متحدہ میں ترکمانستان کے مستقل نمائندے ویپا حاجی ییف، اقوام متحدہ میں ازبکستان کے نائب مستقل نمائندے لازیز قرائیف ، قازقستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل بیبوت کولاتایف شامل تھے۔
ا ی سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے کونسل کو بریفنگ دی۔شریک وزرا اور وفود کے سربراہان نے علاقائی اور عالمی پیش رفت خیالات کا تبادلہ اور بڑھتے علاقائی تعاون کی حمایت کا اظہار کیا۔ اس نشست نے اسلام آباد میں نومبر 2026 میں منعقد ہونے والی ای سی او وزرا کونسل کے 30ویں اجلاس کے لیے تیزی کا موقع بھی فراہم کیا۔پاکستان تمام ای سی او ممبر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے تاکہ تنظیم کے مشترکہ ویژن کو ٹھوس نتائج میں تبدیل اور علاقائی اقتصادی تعاون، رابطہ کاری اور انضمام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔








