نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ،گندم کی درآمد کے انتظامات بارے پیش رفت کا جائزہ لیا
نائب وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ،گندم کی درآمد کے انتظامات بارے پیش رفت کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں گندم کی درآمد کے انتظامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے فوڈ ایئر 2026-27 کے لیے گندم کی درآمد سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کے 7 ویں اجلاس کی صدارت کی۔
کمیٹی نے گندم کی درآمد کے انتظامات بارے پیش رفت کا جائزہ لیا اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو ہدایت کی کہ سندھ کی گندم کی باقی ماندہ ایک لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن ضرورت کی خریداری کے لیے کم ترین بولی/بولیوں کو قبول کرنے کا عمل آگے بڑھایا جائے۔
نائب وزیراعظم نے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو بھی ہدایت کی کہ مطلوبہ ادائیگیوں کا بروقت انتظام کریں اور ٹی سی پی کے ساتھ سہ فریقی معاہدے جلد مکمل کریں تاکہ گندم کی درآمد کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ گندم کی درآمد سے مناسب نرخوں پر گندم کی وافر فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت، منیجنگ ڈائریکٹر پاسکو، متعلقہ صوبائی سیکرٹریز اور وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور ٹی سی پی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔








