نادرا نے خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں شہری سہولت کے 43 مراکز قائم کر دیے
نادرا نے خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں شہری سہولت کے 43 مراکز قائم کر دیے

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عالمی بینک کی مالی معاونت سے جاری 46 ملین ڈالر کے منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں شہری سہولت کے 43 مراکز قائم کر دیے ہیں۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب ایک سرکاری دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے منصوبے (کے پی سٹیزن سینٹرڈ سروس ڈیلیوری پراجیکٹ) پر عمل درآمد میں 72 فیصد پیش رفت ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ شہری سہولت کے 43 مراکز کا قیام منصوبے کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہے۔
نادرا اس منصوبے پر عمل درآمد کا ذمہ دار ادارہ ہے۔ یہ منصوبہ سماجی پالیسی کے شعبے سے متعلق ہے اور اس کا بنیادی مقصد صوبے میں شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔دستاویز کے مطابق منصوبے کا آغاز 19 جولائی 2023 کو ہوا تھا اور اس کی تکمیل کی ابتدائی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی تھی۔ تاہم بعد میں منصوبے کی تکمیل کی آخری تاریخ بڑھا کر 31 دسمبر 2026 کر دی گئی۔منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 46 ملین ڈالر کی مالی معاونت مختص ہے۔
سرکاری پیش رفت رپورٹ کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے، جبکہ 11 اضلاع میں شہری سہولت مراکز کے قیام کو نمایاں پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔منصوبے پر مجموعی پیش رفت 72 فیصد ریکارڈ ہونے کے باعث بعض سرگرمیوں کی تکمیل ابھی باقی ہے، جنہیں عمل درآمد کی نظرثانی شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جانا ہے۔منصوبے کی باقی سرگرمیوں کی تکمیل کے لیے 31 دسمبر 2026 کی نئی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔







