نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے،فیصل کریم کنڈی
نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے،فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
پشاور۔ 18 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں، نوجوان نسل ہمارا اثاثہ، امید اور ملک کے مستقبل کی سمت کا تعین کرنے والی قوت ہے، نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس پشاور میں نیشنل رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیر اہتمام پیغامِ سیرت برائے نئی نسل کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار میں چیئرمین نیشنل رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی ڈاکٹر خورشید احمد ندیم، ڈاکٹر قبلہ آیاز، ڈاکٹر رشید احمد خان، قاضی فتح الباری علماء و مشائخ اور یونیورسٹیوں اور مدارس کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمارے لیے زندگی گزارنے کا مکمل اصول ہے، نوجوان نسل کو صرف دنیا میں کامیاب ہونے کا طریقہ نہیں بلکہ ایک اچھا انسان بننے کا شعور بھی دینا ہوگا۔ اگر نئی نسل سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ کو سمجھ کر اپنی زندگی میں اپنائے تو اس کے مثبت اثرات گھروں، تعلیمی اداروں، معاشرے اور پورے ملک پر مرتب ہوں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور کھیل، تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت ثابت کر رہے ہیں،ہماری ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے اور انہیں مثبت سمت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم اور مہارتوں کے ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس نوجوان نہ صرف کامیاب افراد بلکہ بہتر انسان اور ذمہ دار شہری بن سکتے ہیں۔ اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر خورشید احمد ندیم نے اپنے خطاب میں گورنر ہاؤس پشاور میں سیمینار کے انعقاد پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔سیمینار کے آخر میں یونیورسٹی اور مدارس کے طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ گورنر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔








