نوجوانوں کی ہنرمندی میں سرمایہ کاری پائیدار معاشی ترقی کی ضمانت ہے،نوجوانوں کو عالمی جاب مارکیٹ کیلئے تیار کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، طاہر ایوب

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو جدید، مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ اور ٹیکنالوجی پر مبنی مہارتوں سے آراستہ کرنا بے روزگاری پر قابو پانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور ایک مسابقتی معیشت کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی …

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو جدید، مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ اور ٹیکنالوجی پر مبنی مہارتوں سے آراستہ کرنا بے روزگاری پر قابو پانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور ایک مسابقتی معیشت کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی ملک کی سب سے بڑی معاشی طاقت بن سکتی ہے، بشرطیکہ اسے مقامی اور عالمی جاب مارکیٹ کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق ہنر اور مہارتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز چیمبر ہائوس میں تجارت و صنعت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

طاہر ایوب نے کہا کہ تیزی سے تبدیل ہوتی عالمی معیشت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے صرف روایتی تعلیم کافی نہیں رہی، لہٰذا فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، ڈیجیٹل لٹریسی، مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیٹا اینالیٹکس، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔طاہر ایوب نے کہا کہ تعلیمی اور تربیتی اداروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی مہارتوں اور آجروں و صنعتوں کی حقیقی ضروریات کے درمیان اب بھی نمایاں فرق موجود ہے۔ انہوں نے حکومت، تعلیمی اداروں، فنی تربیتی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط اشتراک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ کی طلب کے مطابق نصاب اور عملی تربیتی پروگرام تشکیل دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں درکار مہارتوں کی نشاندہی کے عمل میں صنعت کو فعال طور پر شامل کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو حقیقی روزگار اور کاروباری مواقع کے لیے بہتر طور پر تیار کیا جا سکے۔انہوں نے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کو مالی وسائل تک رسائی، انکیوبیشن سہولیات، رہنمائی و سرپرستی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور بزنس ڈویلپمنٹ سروسز کی فراہمی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نوجوان ٹیلنٹ کو کاروباری برادری سے منسلک کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ و کاروباری ترقی کے لیے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ کاروباری اداروں اور صنعتوں کو نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ، اپرنٹس شپ اور دورانِ ملازمت تربیت کے مواقع میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں عملی تجربہ حاصل ہو اور وہ پیشہ ورانہ ماحول کے تقاضوں سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہو سکیں۔وفود کے اراکین نے نوجوانوں کی ترقی اور ہنرمندی کے فروغ پر اسلام آباد چیمبر کی خصوصی توجہ کو سراہتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیا کہ جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں میں سرمایہ کاری پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

 

مزید خبریں