نوجوان مسائل کے حل کے لئے حکومت کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں جن کی صلاحیتوں کو قومی ترقی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لئے بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کو محض مسائل کی نشاندہی اور تنقید تک محدود رہنے کی بجائے ایسے قابلِ عمل حل پیش کرنے چاہئیں جو ملک کے زمینی …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں جن کی صلاحیتوں کو قومی ترقی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لئے بروئے کار لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوانوں کو محض مسائل کی نشاندہی اور تنقید تک محدود رہنے کی بجائے ایسے قابلِ عمل حل پیش کرنے چاہئیں جو ملک کے زمینی حقائق، دستیاب وسائل اور مقامی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانو شاہین اقدام کے تحت منعقدہ نیشنل یوتھ سلوشن سپرنٹ 2026 کے دوسرے مرحلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو مسائل کا شکوہ کرنے والا نہیں بلکہ ان کا حل پیش کرنے والا بنانا ہے کیونکہ کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل تلاش کرنے کے لئے اس کی بنیادی وجوہات کو سمجھنا اور ان کے تدارک کے لئے عملی اقدامات کرنا ضروری ہے۔مقابلے کے دوسرے مرحلے میں طلبہ کی ٹیموں نے منشیات کے استعمال، آبادی میں اضافے، صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی، سکولوں سے باہر بچوں اور غذائی قلت جیسے اہم معاشرتی مسائل پر غور کیا۔ ٹیم سربراہوں نے ہر مسئلے سے متعلق بنیادی چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے ایسے عملی اقدامات اور تجاویز پیش کیں جن پر اپنی اپنی برادریوں اور مقامی آبادیوں میں عملدرآمد کے ذریعے مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کامیابی صرف تجاویز پیش کرنے میں نہیں بلکہ انہیں عملی جامہ پہنانے اور ان کے نتائج حاصل کرنے میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو فنی علم کے ساتھ ابلاغ، قیادت اور زندگی کی دیگر بنیادی مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو طالب علمی ہی سے قومی مسائل کے حل اور ملک کی تعمیر و ترقی کے عمل میں شریک ہونا چاہئے، حکومت نوجوانوں میں ایسی قیادت پروان چڑھانا چاہتی ہے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال ہونے کے بجائے پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔

نیشنل یوتھ سلوشن سپرنٹ کا مقصد نوجوانوں کو مسائل کی نشاندہی، حل کی تیاری اور عملی اقدامات کے لئے ضروری رہنمائی، طریقۂ کار اور مواقع فراہم کرنا ہے، اس اقدام کے تحت ماہانہ اختراعی سرگرمیوں، فکری مکالموں، پالیسی سے متعلق عملی نشستوں اور نئے منصوبوں کی پیش کش کے ذریعے نوجوانوں کو ماہرین سے تبادلہ خیال، اپنے خیالات کو آزمانے اور قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنے کے مسلسل مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔

 

مزید خبریں