چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع فراہم کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے
نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں،انہیں اپنی صلاحیتیں مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، سینیٹر بشریٰ انجم بٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع فراہم کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
جمعرات کو ان کی دعوت پر فورم فار ڈگنٹی انیشی ایٹوز کے 36 رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیا اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محنت، لگن، عزم اور خلوصِ نیت کے ساتھ نوجوان ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کرنا اور انہیں معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، باصلاحیت، محنتی اور پرعزم نوجوان ہی ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
بعد ازاں وفد کو سینیٹ میوزیم، سینیٹ ہال اور گلی دستور کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں پارلیمنٹ کی تاریخ، قانون سازی کے مراحل، سینیٹ کے آئینی کردار اور پارلیمانی روایات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سینیٹ میوزیم میں وفد کو ایوان بالا کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ سینیٹ ہال میں ایوان کی کارروائی اور قانون سازی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ گلی دستور کے دورے کے دوران وفد کو آئین پاکستان کی تشکیل اور آئینی تاریخ کے اہم مراحل کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ وفد نے سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کردہ معلوماتی بریفنگ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دورے کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔







