نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ،اس کی علمی، ادبی اور فکری تربیت کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے، وفاقی وزیر قومی ورثہ

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ وو ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، اس کی علمی، ادبی اور فکری تربیت کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے،قومی ورثے، زبان و ادب اور ثقافتی اقدار سے نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان تعلیمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر …

کوئٹہ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ وو ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، اس کی علمی، ادبی اور فکری تربیت کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے،قومی ورثے، زبان و ادب اور ثقافتی اقدار سے نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان تعلیمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے رحمت للعالمین و خاتم النبیین ۖکلب تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان کے زیر اہتمام تعمیر نو کالج غزالی کیمپس کوئٹہ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد انس نے حاصل کی۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول، اسمائے حسنی اور دیگر پروگرام پیش کیے گئے۔ طلبہ کی جانب سے کلامِ اقبال بھی پیش کیا گیا

۔سیکرٹری تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان محمد نسیم لہڑی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور دیگر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے تعمیر نو ٹرسٹ کی تعلیمی، تربیتی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ادارہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ قومی اقدار، ادب اور ثقافت سے جوڑنے کے لیے مختلف پروگرام منعقد کرتا ہے۔تقریب کا اہم حصہ حاجی مصدق علی اسکالرشپ 2026 تھا، جس کے تحت تین طلبہ میں اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ ہر طالب علم کو دو لاکھ روپے دیے گئے، اس طرح تین طلبہ میں مجموعی طور پر چھ لاکھ روپے کی رقم تقسیم ہوئی۔ اسکالرشپ کا مقصد مستحق اور قابل طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اعلی تعلیمی کارکردگی کی پذیرائی تھا۔تقریب میں انٹرنیشنل اقبال کانفرنس 2025 کی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں، جس کے ذریعے تعمیر نو ٹرسٹ کی ادبی و فکری سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر سلیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے زبان و ادب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو مطالعہ اور ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ زبان کسی بھی قوم کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کا اہم ذریعہ ہے۔اس موقع پر تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان پر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں ادارے کے تعلیمی سفر اور مختلف سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر طلبہ کی جانب سے کلامِ اقبال پیش کیا گیا، جبکہ پرائمری اسکول کے طلبہ نے استقبالیہ ٹیبلو پیش کیا۔ مہمان خصوصی کو روایتی ٹوپی، اور اقبال کانفرنس کی یادگاری شال بھی پیش کی گئی۔چیئرمین تعمیر نو ٹرسٹ بریگیڈیئر (ر) عبدالجلیل خان نے اختتامی کلمات میں وفاقی وزیر، ڈاکٹر مظہر سلیم، معزز مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعمیر نو ٹرسٹ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی علمی، ادبی اور اخلاقی تربیت کو بھی اہمیت دیتا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر کو یادگاری سونیئرپیش کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ پروگرام کے کنڈکٹر اور میزبان پیٹرن رحمت للعالمین و خاتم للنبین صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کلب تعمیر نو ٹرسٹ بلوچستان سیکرٹری حکومت بلوچستان حافظ محمد طاہر جبکہ اس موقع پرتعمیر نو ٹرسٹ کے سیکرٹری محمد نسیم لہڑی، چیئرمین بریگیڈیئر (ر)عبدالجلیل خان اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر سلیم سمیت دیگر موجود تھے ۔

 

مزید خبریں