نوجوان کاروباری معاشی ترقی کی کلید ہیں، صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ چیمبرز آف کامرس بشمول آئی سی سی آئی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مضبوط کاروباری ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے اور سہولت کاری کے لئے پر عزم ہیں

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ چیمبرز آف کامرس بشمول آئی سی سی آئی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مضبوط کاروباری ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے اور سہولت کاری کے لئے پر عزم ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کرنے والے نوجوان کاروباریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان جدت اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن اپنے خیالات کو کامیاب منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے معاون ماحول کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس بشمول آئی سی سی آئی نوجوان کاروباری رہنماؤں کی رہنمائی اور سہولت کاری کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد کو اکثر فنانس تک محدود رسائی، رہنمائی کی کمی اور پیچیدہ ریگولیٹری طریقہ کار جیسے اہم چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے دوستانہ پالیسیاں متعارف کرانے، کاروباری رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے اور فنانسنگ اسکیموں کے ذریعے قرض تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔

انہوں نے اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے طلباء عملی مہارتوں اور کاروباری ذہنیت سے آراستہ ہوں گے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے کے لیے انکیوبیشن سینٹرز اور انوویشن ہب کے قیام کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے وفد کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی نیٹ ورکنگ، صلاحیت سازی اور پالیسی کی وکالت کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا رہے گا تاکہ نوجوان کاروباریوں کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے میں مدد ملے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنانا ایک مظبوط معیشت کی تعمیر اور بے روزگاری کو کم کرنے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی رہنمائی کے پروگراموں، کاروباری نیٹ ورکنگ کے مواقع اور علم کے اشتراک کے پلیٹ فارمز کی سہولت فراہم کر کے خواہشمند کاروباری افراد اور صنعت کاروں کے درمیان خلیج کو پر کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرپرینیورشپ کے کلچر کو فروغ دینے سے نوجوانوں کو روزگار پیدا کرنے اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اپنے ریمارکس میں جدید کاروباری طریقوں میں ڈیجیٹل تبدیلی اور اختراع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نوجوان کاروباریوں پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ ٹولز سے فائدہ اٹھائیں تاکہ اپنی رسائی اور مسابقت کو بڑھا سکیں۔ انہوں نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی کاروباری ماحول میں کامیابی کے لیے مسلسل سیکھنے اور موافقت پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وفد کے ارکان نے کاروباری برادری کی حمایت بارے آئی سی سی آئی کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئی سی سی آئی کے ساتھ مسلسل رابطے سے ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔