نہ اسلام آباد سومنات ہے اور نہ یہ شخص محمود غزنوی ہے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت، اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نہ اسلام آباد سومنات ہے اور نہ یہ شخص محمود غزنوی ہے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت، اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی زبان بتا رہی ہے کہ یہ کتنے پاکستانی ہیں اور اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک …

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نہ اسلام آباد سومنات ہے اور نہ یہ شخص محمود غزنوی ہے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت، اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کی زبان بتا رہی ہے کہ یہ کتنے پاکستانی ہیں اور اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں، عمران خان نے انہیں کیا سبق پڑھایا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا میں روز بہنے والے خون سے کیا ان کا دل نہیں روتا؟ کیا طالبان ان کے اتحادی ہیں جو خیبرپختونخوا پولیس اور بہادر جوانوں کی شہادتوں کا سدباب کرنے کے بجائے مزید انتشار اور نفرت پھیلا رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو جس حملے کی یہ بات کر رہے ہیں، کیا وہ طالبان کا حملہ ہے؟ کیا پاکستان میں مقیم افغان اس لشکر کا حصہ ہوں گے؟

وفاق پوری قوت سے اسلام آباد کا دفاع کرے گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے حواری اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں، ہم نے 9 مئی کو دیکھا، 26 نومبر کو دیکھا اور اب یہ شخص اپنے عزائم بتا رہا ہے، پاکستان کے عوام ان کی اصلیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کل بھی امن، ترقی اور پاکستان کے دشمن تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے۔ لاکھ اختلافات ہوں، کوئی پاکستانی یہ زبان نہیں بول سکتا، یہ پاکستان دشمن زبان ہے، کیا کسی کو اب بھی کوئی ابہام رہ گیا ہے؟۔

 

مزید خبریں