واشنگٹن۔27نومبر (اے پی پی):امر یکی صدر کی رہائش وائٹ ہائوس میں نیشنل گارڈز پر حملہ کے بعد افغان شہریوں کی امیگریشن کی تمام درخواستوں پر کارروائی فوری طور پر اور غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے۔شنہوا کے مطابق امریکی شہریت و امیگریشن سروسز نے اعلان کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں دو نیشنل گارڈ اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کے بعد افغان …
نیشنل گارڈز پر حملہ، امریکا نے افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں پر کارروائی فوری روک دی، جو بائیڈن دور حکومت میں افغانستان سے آنے والے ہر فرد کی دوبارہ جانچ ہوگی ، ڈونلڈ ٹرمپ

مزید خبریں
واشنگٹن۔27نومبر (اے پی پی):امر یکی صدر کی رہائش وائٹ ہائوس میں نیشنل گارڈز پر حملہ کے بعد افغان شہریوں کی امیگریشن کی تمام درخواستوں پر کارروائی فوری طور پر اور غیر معینہ مدت کے لیے روک دی گئی ہے۔شنہوا کے مطابق امریکی شہریت و امیگریشن سروسز نے اعلان کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں دو نیشنل گارڈ اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کے بعد افغان شہریوں سے متعلق تمام امیگریشن پراسیسنگ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے کو "دہشت گردی کا عمل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشتبہ حملہ آور 2021 میں افغانستان سے آیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ حکومت کو سابق صدر جو بائیڈن کے دور حکومت میں افغانستان سے آنے والے ہر فرد کی دوبارہ جانچ کرنا ہوگی اور ایسے تمام لوگوں کو ملک سے نکالنے کے اقدامات کرنا ہوں گے جو یہاں کے قابل نہیں یا ملک کے لیے فائدہ مند نہیں۔
انہوں نے حملہ آور کو جانور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت سخت قیمت چکائے گا۔ این بی سی نیوز کے مطابق حملہ آور کی شناخت 29 سالہ رحمان اللہ لکانوال کے طور پر کی گئی ہے جو امریکی ریاست واشنگٹن میں مقیم تھا، حکام اب بھی مشتبہ شخص کے بارے میں تمام تفصیلات کی تصدیق کر رہے ہیں جو اس وقت حراست میں ہے۔مشترکہ ٹاسک فورس ڈی سی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 15 منٹ پر فراگیوٹ اسکوائر میٹرو اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ دونوں زخمی گارڈز تشویشناک حالت میں ہیں اور انہیں الگ الگ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ حملہ آور بھی شدید زخمی ہے۔ویسٹ ورجینیا کے گورنر پیٹرک موررسی نے تصدیق کی کہ زخمی ہونے والے دونوں اہلکار ویسٹ ورجینیا نیشنل گارڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ وائٹ ہاؤس اس افسوسناک واقعے سے آگاہ ہے اور صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے،صدر کو بریفنگ دے دی گئی ہے۔فائرنگ کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بتایا کہ ٹرمپ نے انہیں واشنگٹن میں مزید 500 نیشنل گارڈ اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت واشنگٹن میں 2 ہزار سے زائد نیشنل گارڈ اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔








