نیوٹیک اور ٹی ویٹ سکلز سیکٹر پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے،وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین 

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے 10 پاکستانی ٹیوٹ اداروں کو بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن سرٹیفیکیٹ دیئے۔ سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کہ نیوٹیک اور ٹی ویٹ سکلز سیکٹر پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہنر کی تربیت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن ووکیشنل ٹریننگ نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کا موثر طریقہ ہے تاکہ وہ اندرون و بیرون ملک روزگار حاصل کرسکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سالانہ 10لاکھ ہنر مند افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزیر نے نیوٹیک کو ہدایت کی ہے کہ 2022-2023 میں مزید ایک لاکھ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ہنر مندی کی تربیت دی جائے۔ حکومت نے پاکستان بھر میں 250 ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے بھی پروجیکٹ کی منظوری دی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستانی ٹی ویٹ اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن پر نیوٹیک کی کاوشوں کو سراہا اور مزید ٹی ویٹ اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹی ویٹ سیکٹر کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار اور بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے مطابق تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت مہیا کی جائے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو اجاگر کیا اور کہا کہ حکومت نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یوتھ پروگرام نوجوانوں کو با عزت طور پر کاروبار کرنے کے قرض فراہم کر رہا ہے جس سے نہ صرف وہ معاشی طور پر مستحکم ہونگے بلکہ مزید خاندانوں کو بھی معاشی طور پر مضبوط کریں گے۔

علاوہ ازیں انہوں نے سکلز ٹی ویٹ سیکٹر کی اہمیت اور نیوٹیک کی کارکردگی کو پاکستانی نوجوانوں کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے جرمن ادارے جی آئی زی ،برٹش کونسل اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے دس پاکستانی ٹی ویٹ اداروں کی ایشیا پیسیفک ایکریڈیٹیشن اینڈ سرٹیفیکیشن کمیشن اور ٹی یو وی رنیلینڈ سے انٹرنیشنل ایکریڈیٹیشن کے عمل کو پایا تکمیل تک پہنچایا ۔

سیکرٹری برائے ڈویلپمنٹ کارپوریشن جرمن ایمبیسی انٹونیا پیٹرز،کنٹری ڈائریکٹر جی آئی زی پاکستان ٹوبیاس بیکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹی ویٹ اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن نہ صرف نیوٹیک اور ٹی ویٹ اداروں کی کامیابی ہے بلکہ درحقیقت پاکستانی نوجوانوں کے لیے کامیابی کی ضامن ہے ان اداروں کی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے عالمی جاب مارکیٹ میں روزگار کے وسیع مواقع میسر ہوں گے ۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ جرمنی اور بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے لیے ہنر مندی افرادی قوت پیدا کرنے کے لیے اپنے تعاون کو بڑھانے کا یقین دلایا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ساجد بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیوٹیک قومی انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ہنر مند نوجوانوں کے لئے بیرون ملک اور قومی سطح پر بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں جس سے نا صرف ہزاروں خاندان معاشی طور پر بہتر ہوے ہیں بلکہ قومی معیشت کو بھی فائدہ ہوا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک نے جی آئی زی،برٹش کونسل اور آئی ایل او کی جانب سے ٹی ویٹ اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر نے بہترین کارکردگی پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ساجد بلوچ اور ان کی پوری ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے اس امر پر دلی خوشی کا اظہار کیا نیوٹیک نے ٹی ویٹ سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے متعدد اقدامات کیے ہیں اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک، ٹوبیاس بیکر، کنٹری ڈائریکٹر جی آئی زی پاکستان کے علاوہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن صوبائی ٹی ویٹ اداروں اور ٹی ویٹ انسٹی ٹیوشن کے عہدے داران نے شرکت کی۔