واسا ہری پورکے سی ای او کی ونگز سوسائٹی کی تقریب حلف برداری میں شرکت،نوجوانوں کو معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کی نصیحت

واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ہری پور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عابد نے یونیورسٹی آف ہری پور کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں منعقدہ ونگز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا

ہری پور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ہری پور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عابد نے یونیورسٹی آف ہری پور کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں منعقدہ ونگز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ای او واسا محمد عابد نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں ، ان کی مثبت قیادت،صلاحیتوں کا درست استعمال اور کمیونٹی سروس میں فعال کردار معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بہتری کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔محمد عابد نے کہا کہ ہری پور شہر کو صاف ستھرا،صحت مند اور ماحول دوست بنانے کے لیے واسا مختلف اقدامات پر عمل پیرا ہے جن کی کامیابی کے لیے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے طلبہ کو واسا کے صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لا کر نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہے بلکہ ذمہ دار اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔