والدین 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں ، عائشہ رضا فاروق

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور انسدادِ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور انسدادِ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔اپنے وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 منتخب اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم جاری ہے، جس کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ بچوں تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ مثبت ماحولیاتی نمونوں میں کمی خوش آئند ہے، تاہم پولیو کا خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، جب تک پولیو وائرس دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود ہے، ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ پولیو ورکرز مشکل اور چیلنجنگ حالات کے باوجود بچوں کے تحفظ کے لیے گھر گھر پہنچ رہے ہیں۔ والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔وزیراعظم کی فوکل پرسن نے علمائے کرام، میڈیا، کمیونٹی رہنماؤں اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردا ر ادا کریں اور معاشرے میں پولیو ویکسین کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے ملک کو پولیو سے پاک کرنے کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔