برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد شاہ چارلس اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دوبارہ صلح اور تعلقات بحال کرنے کے خواہش مند ہیں۔ رائٹرز کے مطابق انہوں نے جی کیو (GQ) میگزین کو انٹرویو میں کہا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے سب سے …
والد اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دوبارہ صلح کرنے کا خواہش مند ہوں، شہزادہ ہیری

مزید خبریں
لندن۔21اکتوبر (اے پی پی):برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد شاہ چارلس اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دوبارہ صلح اور تعلقات بحال کرنے کے خواہش مند ہیں۔ رائٹرز کے مطابق انہوں نے جی کیو (GQ) میگزین کو انٹرویو میں کہا کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے سب سے اہم بات صلح کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ لوگوں کو ان کے خاندانی معاملات میں اتنی دلچسپی کیوں ہے کیونکہ بہت سے لوگ خود بھی ایسی صورتِ حال سے گزر چکے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہن بھائیوں کے درمیان اختلافات ہوتے ہیں، بچوں اور والدین کے درمیان تعلقات خراب ہوتے ہیں اور بچوں اور ان کے والد یا والدہ کے درمیان بھی رشتے ٹوٹ جاتے ہیں۔ شہزادہ ہیری نے کہا کہ بعض لوگوں کو صلح کی کوششوں سے اپنے تعلقات بہتر بنانے کی ترغیب مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو نہیں چاہتے کہ یہ کوشش کامیاب ہو لیکن میں چاہتا ہوں کہ یہ کامیاب ہو۔ شہزادہ ہیری کے ترجمان نے وضاحت کی کہ ان کے یہ آخری الفاظ شہزادہ ولیم یا شاہی خاندان کے کسی دوسرے فرد پر تنقید کے لیے نہیں تھے۔
شہزادہ ہیری نے کہا کہ اگرچہ ماضی کے زخم ہمیشہ باقی رہتے ہیں لیکن وہ ہر کسی کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ماضی کو پیچھے چھوڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پہلے ہی بہت سے مسائل اور لوگوں کی زندگیوں میں بھی مسائل موجود ہیں۔ ایسے میں خاندانی اختلافات کو مسلسل جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ اس قابل نہیں کہ ہم ان میں الجھے رہیں۔ انہوں نے ان موضوعات پر بھی گفتگو کی جن کا وہ پہلے ذکر کر چکے ہیں، جن میں ان کی والدہ شہزادی ڈیانا کی وفات کا اثر اور ذہنی صحت سے متعلق ان کی مشکلات شامل ہیں۔
شہزادی ڈیانا کا انتقال اس وقت ہوا تھا جب شہزادہ ہیری 12 سال کے تھے۔ انہوں نے برطانیہ واپس آنے کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو برطانوی سکول میں داخل کرانے کا موقع ان کے لیے بہت اہم ثابت ہوا ہے۔ شہزادہ ہیری نے کہا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ بات میرے لیے کتنی اہم ہوگی۔ میں ہمیشہ سوچتا تھا کہ ہم ایسا کرنے کی کوشش کریں گے لیکن اب بچوں کو سکول جاتے ہوئے دو ہفتے ہو چکے ہیں۔ وہ وہاں بہت خوش ہیں اور انہیں زندگی کا بالکل مختلف تجربہ مل رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانوی میڈیا کے ساتھ کشیدہ تعلقات اب بہتر ہو سکتے ہیں، مجھے امید ہے کہ صورتحال بدل جائے گی۔ کچھ لڑائیاں ایسی تھیں جن کا لڑنا ضروری تھا اور ہم نے وہ لڑائیاں لڑیں لیکن امید ہے کہ اب ہم سب اس معاملے پر لکیر کھینچ کر اسے پیچھے چھوڑ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے ماضی کے کچھ معاملات ایسے ہیں جنہیں میں، میرا خاندان اور برطانوی میڈیا کے بعض حلقے یقیناً پیچھے چھوڑنا چاہیں گے تاکہ ہم سب مل کر وسیع بھلائی کے لیے کام کر سکیں۔








