پنجاب میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ریونیو کلیکشن بہتر بنانے کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر اتفاق ہوا۔
ورلڈ بینک وفد کی چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا سے ملاقات،ریونیو کلیکشن میں بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال

مزید خبریں
لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):پنجاب میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ریونیو کلیکشن بہتر بنانے کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر اتفاق ہوا۔ ورلڈ بینک کے وفد نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا سے اہم ملاقات کی۔ پنجاب کے ٹیکس نظام کو جدید اور ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ریونیو کلیکشن میں بہتری کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ بینک کے وفد میں ریجنل ڈائریکٹر مسٹر مائیکل روگی، مینیجر سلویا سولف اور دیگر ممبران شامل تھے۔ملاقات میں ٹیکس وصولی کے نظام میں ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے مثر استعمال اور ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر مختلف ممالک کے جدید ٹیکس ماڈلز اور بہترین عالمی طریقہ کار سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے کہا کہ ٹیکس بیس کو وسیع کرنے اور نئے کاروباروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے جدید ڈیجیٹل ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ مختلف سرکاری محکموں کے ڈیٹا کو مربوط کرکے ٹیکس وصولی کا موثر اور جدید نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ ڈیجیٹل ڈیٹا کے موثر استعمال سے ٹیکس چوری، خرد برد اور غیر شفاف ریکارڈ کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ ورلڈ بینک کے وفد نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کیلئے تکنیکی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ورلڈ بینک کی معاونت اور فنڈنگ سے پنجاب ریونیو اتھارٹی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ مشترکہ ورکنگ پلان تیار کریں گے۔چیئرمین پی آر اے نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس ریٹرنز، ادائیگیوں اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ڈیٹا کو مزید مثر اور مربوط بنایا جا سکے گا۔ معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ عالمی معیار کے مطابق پنجاب کے ٹیکس نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیٹا اینالیٹکس کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ ورلڈ بینک کی تکنیکی معاونت سے ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے قابلِ عمل روڈ میپ تیار کیا جائے گا، جس سے ٹیکس نیٹ میں وسعت، شفافیت اور ریونیو کلیکشن میں بہتری کیلئے موثر اقدامات کو مزید تقویت ملے گی۔







