ورلڈ بینک کے بزنس ریڈی فریم ورک کے تحت پاکستان کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایس ای سی پی کی اصلاحات

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ورلڈ بینک گروپ کے بزنس ریڈی (B-READY) اسیسمنٹ کے تحت پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے ریگولیٹری اصلاحات کی منظوری دے دی۔ پاکستان پہلے ہی B-READY 2025 رپورٹ کے بزنس انٹری زمرے میں 101 معیشتوں میں 17ویں نمبر پر ہے جبکہ اس کا سکور 86.64 ہے۔ منظور شدہ اصلاحات کا مقصد باقی ماندہ خلا کو پُر کرکے …

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ورلڈ بینک گروپ کے بزنس ریڈی (B-READY) اسیسمنٹ کے تحت پاکستان کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے ریگولیٹری اصلاحات کی منظوری دے دی۔ پاکستان پہلے ہی B-READY 2025 رپورٹ کے بزنس انٹری زمرے میں 101 معیشتوں میں 17ویں نمبر پر ہے جبکہ اس کا سکور 86.64 ہے۔ منظور شدہ اصلاحات کا مقصد باقی ماندہ خلا کو پُر کرکے پاکستان کے کاروباری نظام کو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے مزید قریب لانا ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق اصلاحات کے تحت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تعاون سے APIs کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ کمپنیوں کی تازہ ترین معلومات کے خودکار تبادلے کو وسعت دی جائے گی جس سے کاروباری اداروں کے لئے کمپلائنس آسان اور معلومات کی تکرار کم ہوگی۔متعلقہ اداروں کی جانب سے معلومات مرتب کئے جانے کے بعد ماحولیاتی منظوریوں اور آپریٹنگ پرمٹس سے متعلق معلومات ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔

اسی طرح ایس ایم ایز اور خواتین کاروباری افراد کے لئے سرکاری معاونتی پروگراموں کی معلومات بھی ایس ای سی پی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔ایس ای سی پی نئی رجسٹرڈ کمپنیوں سے متعلق صنفی اعدادوشمار بھی شائع کرے گا جن میں خواتین شیئر ہولڈرز، ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹوز اور حقیقی مالکان کی معلومات شامل ہوں گی۔ یہ اقدامات B-READY اسیسمنٹ میں پاکستان کے مزید پوائنٹس حاصل کرنے اور مستقبل کی درجہ بندی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔