ورلڈ کپ ، آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 400 رنز کا ہدف دے دیا، میکسویل کی تیز ترین سنچری

71
ورلڈ کپ

دہلی۔25اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 400 رنز کا ہدف دے دیا، گلین میکسویل نے ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری سکور کرنے کا ریکارڈ قائم کردیا، ڈیوڈ وارنر نے رواں ورلڈ کپ میں دوسری سنچری سکور کی۔

بدھ کو دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل کی شاندار سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز کا بڑا سکور بنایا،

آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو 28 کے مجموعی سکور پر اوپنر مچل مارش 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور سٹیون سمتھ نے وکٹ پر جم کر کھیلا شروع کیا اور 132 کی شراکت قائم کرکے مجموعی سکور کو 160 تک پہنچا دیا، سٹیون سمتھ 71 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، سمتھ کے آئوٹ ہونے کے بعد مارنس لبوشین نے وارنر کے ساتھ مل سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور مجموعی سکور کو 244 تک لے گئے، لبوشین 47 بالوں پر 62 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،

اس دوران ڈیوڈ وارنر نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی، وہ 104 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں تین چھکے اور گیارہ چوکے شامل ہیں، مارنس لبوشین نے 47 بالوں پر 62 رنز بنائے۔ اس کے بعد گلین میکسویل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف بائولرز بھرکس نکال دیا اور ورلڈکپ تاریخ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا، انہوں نے 40 بالوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔

کیمرون گرین 8، جوش انگلس 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے لوگان وان بیک نے 4 جبکہ باس ڈی لیڈا نے دو اور آریان دت نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو جیت کے لئے 400 رنز کا بڑا ہدف دیا ہے۔