وزارتِ خارجہ اور ایچ ای سی کے درمیان ڈیٹا بیس کے انضمام کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط،یہ اقدام دستاویزات کی تصدیق کی خدمات کو مزید قابلِ رسائی، مؤثر اور آسان بنانے کی جانب مثبت پیش رفت ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان ڈیٹا بیس کے انضمام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔اس مفاہمتی یادداشت سے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کے طریقہ کار کو آسان بنانے، شفافیت میں اضافے اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارتِ خارجہ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان ڈیٹا بیس کے انضمام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔اس مفاہمتی یادداشت سے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کے طریقہ کار کو آسان بنانے، شفافیت میں اضافے اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس اور آن لائن سہولیات کے ذریعے تاخیر میں کمی آئے گی اور بیشتر معاملات میں دفاتر کے ذاتی دوروں کی ضرورت ختم ہو جائے گی جس سے بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر آئے گی۔پیر کوترجمان وزارت خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے اس بات پر زور دیا کہ قونصلر خدمات کو بہتر بنانا ہمیشہ ان کی ترجیحات میں شامل رہا ہے جس کے تحت 2024 میں پاکستان میں اپوسٹیل نظام کا آغاز بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اقدام پاکستانی شہریوں کے لئے خواہ وہ ملک میں ہوں یا بیرونِ ملک، دستاویزات کی تصدیق کی خدمات کو مزید قابلِ رسائی، مؤثر اور آسان بنانے کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس اقدام کو آگے بڑھانے میں تمام متعلقہ اداروں بالخصوص وزارتِ خارجہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کوششوں کو سراہا۔