اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کا پہلا عالمی مقابلہ حسن قرأت مقابلہ 24نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جو 29نومبر تک جاری رہے گا ۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمربٹ نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے قرأت اور حفاظ کرام مقابلے میں حصہ لیں گے۔مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حفاظ و …
وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کا پہلا عالمی مقابلہ حسن قرأت کا آغاز 24نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کا پہلا عالمی مقابلہ حسن قرأت مقابلہ 24نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جو 29نومبر تک جاری رہے گا ۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمربٹ نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے قرأت اور حفاظ کرام مقابلے میں حصہ لیں گے۔مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حفاظ و قرأ ت کے درمیان مختلف کیٹگریز میں مقابلے4دن تک جاری رہیں گے۔ مقابلے میں اول ، دوئم اور سوئم آنے والے قرأ کو انعامات سے 29نومبرکو نوازا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے4 قرأ ججز کے فرائض سرانجام دیں گے، قاری سید صداقت علی چیف جج ہونگے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ مقابلہ پاکستان کے دینی و مذہبی منظر نامے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس کا مقصد قرآن حکیم کی ترویج ، دینی اقدار کے فروغ اور قرآنی علوم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، مقابلے میں او آئی سی کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز بین الاقوامی قرأ شرکت کریں گے جو قرآن مجید کی قرأت میں مہارت اور تجربے کے حامل ہیں ،24 تا 27 نومبر تک مختلف مراحل میں قرأت کا مقابلہ جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا جس میں تجوید، ترتیل اور دیگر قرآنی علوم کے پہلوئوں کی جانچ 29 نومبرکو کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 37بین الاقوامی قرأ کی نامزدگیاں موصول ہوچکی ہیں جبکہ مزید ممالک سے تصدیقی عمل جاری ہے جو اس ایونٹ کی عالمی اہمیت کا مظہر ہے، مقابلے میں حصہ لینے والے قرأ یکم تا 3 دسمبرکو کراچی اور لاہور میں صوبائی سطح پرمنعقد ہونے والی محافل میں بھی شرکت کریں گے جنہیں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ترتیب دیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزرات مذہبی امور نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں تاکہ مہمانوں ،قرأ اور علماکرام کو ہرممکن سہولت فراہم کی جاسکے، مہمانوں کی آمدورفت کے خصوصی انتظامات کے ساتھ متعدد زبانوں میں ترجمہ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ تمام شرکامقابلے سے بھرپورفائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ نہ صرف پاکستان کے مذہبی وقار اور قرآنی خدمات کو عالمی سطح پر اجاگرکرے گا بلکہ عالم اسلام کے درمیان روحانی و ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔وزارت مذہبی امور کا یہ عزم ہے کہ پاکستان کوقرآن پاک کی ترویج و اشاعت کا عالمی مرکز بنایا جائے اور یہ ایونٹ امت مسلمہ میں اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی اور قرآنی اقدار کا فروغ بن سکے۔








