وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرض کے حصول کے لیے بینکوں میں جمع کرائے جانے والے جائیداد کے کاغذات کی تعداد کم کرکے پانچ کر دی گئی ہےجبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس ضمن میں بینکوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، ہاؤسنگ قرض کے لیے ضروری کاغذات کی تعداد پانچ کر دی گئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرض کے حصول کے لیے بینکوں میں جمع کرائے جانے والے جائیداد کے کاغذات کی تعداد کم کرکے پانچ کر دی گئی ہےجبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس ضمن میں بینکوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے پہلی بار گھر بنانے کے لیے ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے لیے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کو محدود اور معیاری بنایا گیا ہے۔ ان دستاویزات میں ٹرانسفر اور پوزیشن لیٹر، سائٹ کا نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن سمیت پانچ ضروری کاغذات شامل ہیں۔وزارت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد قرض کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانا، صارفین کو غیر ضروری دستاویزی تقاضوں سے نجات دلانا اور اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانا ہے۔
اس سے قبل بینکوں کی جانب سے قرض کے درخواست گزاروں سے بڑی تعداد میں دستاویزات طلب کیے جانے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ نئی ترامیم سے بالخصوص پہلی بار گھر بنانے کے لیے قرض حاصل کرنے والے افراد کو اہم ریلیف ملے گا اور وزیراعظم اپنا گھر پروگرام سے استفادہ کرنے کا عمل مزید آسان ہوگا۔







