وزیراعظم کی جگلوٹ سکردو روڈ فوری کھولنے ،سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیاء ضروریہ کی فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے جگلوٹ سکردو روڈ (جے ایس آر) کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے شاہراہ فوری کھولنے اور ملکی و غیرملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پہاڑی تودے گرنے سے تورمک کے مقام پر بند شاہراہ فوری کھولنے اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کی جائے، راستہ جلد کھولا جائے، ملکی و غیرملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیاحوں کی آمد سے گلگت بلتستان میں اشیاء ضروریہ کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے، لہٰذا اشیاء کی قلت نہ ہونے دی جائے۔

وزیراعظم نے علاقے کے کاروباری حضرات ، آبادی اور سیاحوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی لوٹنا ہے، اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔ شدید بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 6 دن شاہراہ بند تھی۔ جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کو تیل اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی اور آمدورفت کا واحد زمینی راستہ ہے۔

مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح مختلف پروازوں کے ذریعے گلگت بلتستان آ رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے ہوٹلز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے وزیراعظم سے شاہراہ کی طویل بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔